لندن میں فائز عیسیٰ کی گاڑی پر حملہ: ملوث افراد کے پاسپورٹ منسوخ ہوں گے، وزیر داخلہ

لندن: حال ہی میں چیف جسٹس کے عہدے کی میعاد مکمل ہونے پر ریٹائر ہونے والے قاضی فائز عیسیٰ ان دنوں برطانیہ میں ہیں، جہاں لندن میں اُن کی گاڑی پر حملے کا افسوس ناک واقعہ پیش آیا ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ سینیٹر محسن نقوی نے لندن میں سابق چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کی گاڑی پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے پاکستانی ہائی کمیشن کے حکام کو فوری تحقیقات کا حکم دے دیا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے اپنے بیان میں کہا کہ لندن میں سابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور پاکستانی ہائی کمیشن کی گاڑی پر حملہ قابل مذمت ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے نادرا کو حملہ آوروں کی شناخت کے لیے فوری اقدامات کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ فوٹیجز کے ذریعے حملہ آوروں کی نشان دہی کی جائے۔
محسن نقوی کا کہنا تھا، حملہ آوروں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی، ان کے خلاف پاکستان میں ایف آئی آر درج کرکے مزید کارروائی کی جائے گی اور ان کے شناختی کارڈ بلاک اور پاسپورٹ منسوخ کیے جائیں گے۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا، جنہوں نے حملہ کیا، ان کی شہریت فوری منسوخ کرنے کی کارروائی ہوگی، شہریت منسوخی کا کیس منظوری کے لیے وفاقی کابینہ کو بھیجا جائے گا، کسی کو بھی ایسے حملے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔
ان کا کہنا تھا، لندن میں پاکستانی ہائی کمشنر کی کار پر بھی حملہ ہوا، اس پر خاموش نہیں بیٹھ سکتے، سابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کو دھمکیوں کا سامنا تھا تو سیکیورٹی کیوں فراہم نہیں کی گئی، اس کی بھی تحقیقات کی جائیں گی۔
دوسری جانب سابق چیف جسٹس آف پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کو مڈل ٹیمپل کا بینچر بنانے کی تقریب کے موقع پر پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے احتجاج کیا گیا۔
پی ٹی آئی کارکنوں کا کہنا تھا، قاضی فائز عیسیٰ کے فیصلے جانبدارانہ تھے، انہیں مڈل ٹیمپل بینچر بنانا برطانوی اقدار کے منافی ہے، مڈل ٹیمپل جیسے معتبر ادارے کو اپنے فیصلے پر نظرثانی کرنی چاہیے۔
دھیان رہے کہ قاضی فائز عیسیٰ نے قانون کی تعلیم مڈل ٹیمپل سے حاصل کی تھی، ان کے والد اور صاحبزادی بھی اسی ادارے سے فارغ التحصیل ہیں۔
مڈل ٹیمپل میں بینچرز بنائے جانے والے افراد ادارے کی گورنس کے ذمے دار ہوتے ہیں، مڈل ٹیمپل کے بینچرز دنیا بھر میں عدلیہ کے کلیدی عہدوں پر فائز ہیں۔

Attack on CarAttacker Passport cancellation AnnouncecondemnFormer chief JusticeInterior Minister of PakistanLondonQazi Faez IsaSenator Mohsin Naqvi