ہمایوں سعید کی عمر زیادہ، اس حقیقت کو کوئی جھٹلا نہیں سکتا، عتیقہ اوڈھو

کراچی: ٹی وی اور فلم کی سینئر اداکارہ عتیقہ اوڈھو نے سپراسٹار ہمایوں سعید کی زائد عُمر پر لب کُشائی کی ہے۔
پچھلے دنوں سے ہمایوں سعید اور فردوس جمال کا نام خبروں کی سرخیوں میں ہے کیونکہ سینئر اداکار نے اپنے حالیہ انٹرویو میں ہمایوں سعید کے خلاف متنازع بیان دیا تھا۔
اس کے بعد چند پاکستانی فنکاروں نے ہمایوں سعید کا دفاع کرتے ہوئے فردوس جمال کو آڑے ہاتھوں لیا تھا۔
اداکارہ عتیقہ اوڈھو نے ایک ٹی وی پروگرام میں ڈرامہ سیریل جنٹلمین میں ہمایوں سعید کے کردار اقبال منا اور یمنیٰ زیدی کے کریکٹر زرناب کے بارے میں بات کی۔
عتیقہ اوڈھو نے کہا کہ یمنیٰ زیدی اور ہمایوں سعید کی عمر میں زمین و آسمان کا فرق ہے لیکن اس کے باوجود ڈرامے میں دونوں کو بطورِ ہیرو ہیروئن کاسٹ کیا گیا ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ مجھے یاد ہے کہ ماضی کے ڈراموں میں ہمایوں سعید کو میرے ساتھ بطورِ ہیرو کاسٹ کیا جاتا تھا، لیکن آج اس عُمر میں ہمایوں کو آدھی عمر کی لڑکی کے ساتھ ہیرو بنا کر دکھایا جارہا ہے۔
عتیقہ نے مزید کہا کہ ہم مانتے ہیں کہ ہمایوں سعید نے اس عُمر میں بھی اپنی جسامت اور شخصیت کو برقرار رکھا ہوا ہے لیکن یہ حقیقت کوئی نہیں جھٹلا سکتا کہ اُن کی عُمر زیادہ ہے۔

ActressAtiqa odhoTalk About Humayoun Saeed Age