کراچی: ٹی وی کی سینئر اداکارہ عتیقہ اوڈھو نے انکشاف کیا ہے کہ بیٹے کے کہنے پر انہوں نے اپنے تیسرے شوہر ثمر علی خان کو شادی کے لیے پروپوز کیا اور پھر ان سے شادی کی۔
عتیقہ اوڈھو نے حال ہی میں فریحہ الطاف کے پوڈ کاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنی تیسری شادی میں اپنے بیٹے کے کردار کے بارے میں کھل کر بات کی اور ساتھ ہی زندگی کے نشیب و فراز پر بھی گفتگو کی۔
انہوں نے بتایا کہ دوسرے شوہر جاوید کے ساتھ 16 برس تک شادی رہی، ہماری ایک بیٹی بھی ہے، جب ہماری شادی ختم ہوئی تو بہت مہذب انداز میں ختم ہوئی تھی، دوسری شادی ختم ہونے کے چند سال کے بعد ایک فیملی ایونٹ میں ثمر علی خان سے ملاقات ہوئی۔
عتیقہ اوڈھو نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ میرے بیٹے بلال نے ہماری شادی میں اہم کردار ادا کیا، اس نے مجھے بٹھا کر بات کی اور کہا کہ آپ نے بہت مشکلات دیکھی ہیں، یہ شخص اچھا ہے، ہم بھی اسے پسند کرتے ہیں وہ بھی آپ میں دلچسپی رکھتا ہے آپ کو شادی کرلینی چاہیے۔
عتیقہ اوڈھو کا کہنا تھا کہ میں نے بیٹے سے کہا کہ تمہاری دو بہنیں بھی ہیں، وہ ہمیں بالکل پسند نہیں کرتیں، جس پر اس نے یقین دہانی کروائی کہ انہیں وہ دیکھ لے گا۔
اداکارہ نے مزید بتایا کہ وہ ثمر علی کو چائے پر لے کر گئیں اور وہاں شادی کے لیے پروپوز کیا۔
دھیان رہے کہ عتیقہ اوڈھو کی پہلی شادی 15 برس کی عمر میں ہوئی تھی جو 10 برس چل سکی، اس کے بعد انہوں نے اپنی مرضی سے دوسری شادی کی تھی مگر وہ بھی کامیاب نہ ہوسکی۔
عتیقہ اوڈھو مسلسل دو شادیوں میں ناکامی کے بعد جون 2012 میں ثمر علی خان کے ساتھ رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوئی تھیں، ڈاکٹر ثمر علی خان 2013 سے 2018 تک رکن سندھ اسمبلی رہ چکے ہیں۔