لاہور: وزیراعظم شہباز شریف کے معاون خصوصی عطا تارڑ اور رانا مشہود سمیت 12 لیگی رہنماؤں کی گرفتاری کے وارنٹ جاری کردیے گئے ہیں۔
مسلم لیگ ن کے 12 رہنماؤں کو گرفتار کرنے کی اجازت کے لیے لاہور پولیس کی جانب سے مجسٹریٹ کو درخواست جمع کرائی گئی تھی۔
پولیس نے درخواست میں عطا تارڑ، رانا مشہود، اویس لغاری اور سیف الملوک کھوکھر سمیت دیگر لیگی رہنماؤں کے وارنٹ گرفتاری مانگے تھے۔
مجسٹریٹ کو جمع کرائی گئی درخواست میں کہا گیا تھا کہ ملزمان کے خلاف مقدمات درج ہیں، ملزمان دانستہ طور پر پیش نہیں ہورہے، ملزمان کو گرفتار کرکے تفتیش مکمل کرنی ہے لہٰذا ان کی گرفتاری کی اجازت دی جائے۔
جوڈیشل مجسٹریٹ نے پولیس کی درخواست منظور کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے 12 رہنماؤں کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔
پنجاب اسمبلی میں ہنگامہ آرائی کے مقدمے میں ن لیگ رہ نماوں کے وارنٹ جاری کیے گئے ہیں۔
یاد رہے کہ چند روز قبل لاہور میں مسلم لیگ ن کے رہنما عطا تارڑ اور رانا مشہود کے گھروں پر پولیس نے چھاپے مارے تھے تاہم دونوں افراد گھر پر موجود نہ ہونے کی وجہ سے گرفتار نہیں ہو سکے تھے۔