واشنگٹن: گزشتہ روز امریکا میں کورونا وبا سے متاثر ہونے والے 88 ہزار 80 مریض اسپتالوں میں داخل ہوئے، جوعالمی ریکارڈ ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا میں 24 گھنٹوں کے دوران اسپتالوں کے کورونا سینٹرز میں لائے گئے مریضوں کی تعداد 88 ہزار 80 ہے جو ایک دن میں اسپتال میں داخل کیے گئے مریضوں کا عالمی ریکارڈ ہے۔
امریکی کووڈ ٹریکنگ پروجیکٹ کے مطابق گزشتہ روز ملک بھر میں 17 لاکھ 85 ہزار سے زائد افراد کے کورونا ٹیسٹ کیے گئے جس کے دوران ایک لاکھ 66 ہزار سے زیادہ افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی۔
دنیا بھر میں امریکا کورونا وبا سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک ہے اور اب تک ایک کروڑ 25 لاکھ سے زیادہ افراد میں کورونا کی تصدیق ہوئی جب کہ اس وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 2 لاکھ 59 ہزار سے زیادہ ہوچکی ہے۔
امریکا میں ان حالات میں بھی صدارتی انتخابات ہوئے اور صدر ٹرمپ کو شکست کا سامنا رہا، نومنتخب صدر جوبائیڈن نے اپنی پہلی ترجیح کورونا کو قرار دیا اور ٹرانزیکشن پیریڈ کے لیے ماہرین پر مشتمل ایک کمیٹی بھی تشکیل دے دی۔