اسلام آباد: آصف علی زرداری نے پارک لین ریفرنس کا ٹرائل روکنے کے لیے احتساب عدالت میں نئی درخواست دائر کردی۔
اسلام آباد کی احتساب عدالت میں پارک لین ریفرنس پر سماعت ہوئی۔ نیب پراسیکیوٹر نے سابق صدر کی نئی درخواست پر اعتراض اٹھایا اور کہا آصف زرداری کی نئی نئی درخواستوں کا مقصد تاخیری حربے اپنانا ہے، زرداری کو خواب آجاتا ہے کہ صبح نئی درخواست دائر کرنی ہے، بھاری جرمانے کے ساتھ آصف زرداری کی درخواست مسترد کی جائے۔
دوران سماعت آصف زرداری کے وکلا اور نیب پراسیکیوٹر میں گرما گرمی ہوئی، جج اعظم خان نے آصف زرداری کے وکلا کو جھاڑ پلادی اور کہا آپ کیوں شور کررہے ہیں؟ یہاں کسی کو سیاست نہیں کرنے دوں گا، فاروق نائیک صاحب آپ نے آج دلائل مکمل کرنے کا وعدہ کیا تھا، آپ پہلی درخواست پر دلائل دیں۔