دوحہ: لیجنڈز لیگ کے تیسرے میچ میں ایشیا لائنز کی ٹیم نے ورلڈ جائنٹس کو 35 رنز سے شکست دے کر مسلسل دوسری فتح حاصل کرلی۔
دوحہ کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے بارش سے متاثرہ میچ کی دونوں اننگز کو 10،10 اوورز تک محدود کردیا گیا تھا، ایشیا لائنز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 3 وکٹوں کے نقصان پر 99 رنز بنائے۔
مصباح الحق نے جارحانہ اننگز کھیلی اور محض 19 گیندوں پر 44 رنز بنائے، جس میں 4 چوکے اور تین چھکے شامل تھے۔ دیگر کھلاڑیوں میں دلشان 32، تھیسارا پریرا 10 اور کپتان شاہد آفریدی 2 رنز بناسکے۔
ورلڈ جائنٹس کی جانب سے کرس گیل، پال کولنگ ووڈ اور ریکارڈو پوویل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
ہدف کے تعاقب میں ورلڈ جائنٹس کا آغاز اچھا رہا، لنڈل سیمنز اور کرس گیل نے 40 رنز کا اوپننگ اسٹینڈ فراہم کیا، تاہم گیل آفریدی کا شکار ہوئے انہوں نے 23 رنز کی اننگز کھیلی جب کہ دیگر کھلاڑیوں میں کوئی بلے باز خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہا، لنڈل سمنز 14، شین واٹسن 3، کپتان ایرون فنچ 2 رنز بناکر نمایاں رہے۔
ایشیا لائنز کی جانب سے شاہد آفریدی اور عبدالرزاق نے 2، 2 جب کہ سہیل تنویر نے ایک وکٹ حاصل کی۔