نئی دہلی: سابق کرکٹر اور بھارتی کرکٹ بورڈ کے صدر سارو گنگولی نے کہا ہے کہ سری لنکا میں شیڈول ایشیاکپ کو متحدہ عرب امارات منتقل کردیا گیا ہے۔
بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق سری لنکا میں موجودہ سیاسی اور معاشی صورت حال کے باعث ایشیاکپ کو یو اے ای منتقل کردیا گیا ہے، سری لنکن کرکٹ بورڈ نے ایشین کرکٹ کونسل کو مطلع کیا تھا کہ ملک میں معاشی اور سیاسی بحران کے باعث ایشیاکپ کی میزبانی نہیں کرسکیں گے۔
بی سی سی آئی کے صدر سارو گنگولی نے بورڈ کی اعلیٰ کونسل کی میٹنگ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بنگلادیش میں مون سون سیزن اور بارشوں کے باعث ٹورنامنٹ کو یو اے ای منتقل کردیا ہے۔
قبل ازیں میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ سری لنکا کی موجودہ صورت حال کے باعث ایشیا کپ کا وہاں انعقاد خطرے میں پڑ گیا ہے اور بنگلادیش کو متبادل کے طور پر تیار رہنے کا کہا گیا ہے۔
اب اس میگا ایشین ایونٹ کے یو اے ای میں انعقاد کی خبریں سامنے آئی ہیں، واضح رہے کہ ایشیا کپ کا آغاز 27 اگست سے ہوگا۔