لاہور/ نئی دہلی: بھارت نے ایشیا کپ سے متعلق پی سی بی کے ہائبرڈ ماڈل کو تسلیم کرنے کے لیے رضامندی ظاہر کردی۔
ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ پاکستان کرکٹ بورڈ کے ہائبرڈ ماڈل کو مشروط طور پر قبول کرے گا، جس میں شرط رکھی گئی ہے کہ پاکستان کی ٹیم بھارت میں شیڈول ورلڈکپ کھیلنے کے لیے تحریری یقین دہانی کرائے۔
ہائبرڈ ماڈل کے تحت بھارت ایشیاکپ کے مقابلے نیوٹرل وینیو پر کھیلے گا، تاہم میزبان ملک سری لنکا یا متحدہ عرب امارات ہوسکتے ہیں۔
پچھلے دنوں سری لنکا، بنگلادیش اور بھارت سمیت دیگر بورڈز نے موقف اپنایا تھا کہ یو اے ای میں زیادہ گرمی ہوگی، جس کے باعث کھلاڑیوں کو انجریز ہوسکتی ہیں، اس لیے میچز سری لنکا میں کروائے جائیں۔
دوسری جانب ایشین کرکٹ کونسل ایشیا کپ کے شیڈول کا اعلان بھارتی فیصلے کے بعد کرے گی۔
خیال رہے کہ ورلڈکپ رواں برس بھارت میں کھیلا جانا ہے، تاہم بی سی سی آئی نے اب تک شیڈول کا اعلان نہیں کیا، کیونکہ ایشیاکپ کے لیے بھارتی ٹیم کے پاکستان نہ آنے پر گرین شرٹس نے بھارت میں شیڈول ورلڈکپ کھیلنے سے انکار کردیا تھا۔ اس پر بھارت کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور ہونا پڑا۔