کراچی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور ٹیسٹ کرکٹ کے سب سے کامیاب بلے باز یونس خان نے ایشیا کپ 2023 سے متعلق بی سی سی آئی کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ایشیا کپ بھارت کے بغیر بھی ہوسکتا ہے لہٰذا پاکستان کو اپنے مؤقف پر ڈٹ جانا چاہیے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے یونس خان نے قومی ٹیم مینجمنٹ کو مشورہ دیا کہ اگر ایشیا کپ کا مقام پاکستان سے تبدیل کیا جاتا ہے تو پاکستان کو خود یہ ٹورنامنٹ کھیلنے سے گریز کرنا چاہیے، اگر بھارت پاکستان نہیں آنا چاہتا تو یہ ان کی مرضی ہے۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے فاتح کپتان کا کہنا تھا کہ آئندہ سال ورلڈکپ بھارت میں ہونا ہے، اس لیے ہم نے بھی کہہ دیا کہ ہم بھارت نہیں جارہے تو کچھ مزا نہیں آئے گا لہٰذا درمیانی راستہ کوئی نہیں صرف کھیلنا ہے جب کہ اس کا حل صرف بھارتی بورڈ کو ہی نہیں، ایشین کرکٹ کونسل اور آئی سی سی کو بھی اس مسئلے پر کردار ادا کرنا چاہیے۔
یونس خان نے کہا کہ اگر بھارت پاکستان نہیں آتا اور آئی سی سی ایشیا کپ کا مقام تبدیل کرتا ہے تو پاکستان کو ڈٹ جانا چاہیے اور کسی اور ملک جاکر کھیلنے سے انکار کردینا چاہیے۔