اسلام آباد: ملک بھر میں یوم عاشورہ 10 محرم الحرام مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے۔ ہر بڑے اور چھوٹے شہر میں ماتمی جلوس نکالے جائیں گے۔
ملک کے مختلف علاقوں میں سخت سیکیورٹی میں ماتمی جلوس نکالے جائیں گے جس میں عزاداران ماتم اور نوحہ خوانی کرتے ہوئے شہدائے کربلا پر ڈھائے گئے مظالم کو یاد کریں گے، جلوسوں کے راستوں میں بڑی تعداد میں نذر و نیاز کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔
متعدد شہروں میں جلوس کی گزرگاہوں میں موبائل فون سروس بند ہو گی اور موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے۔
کراچی میں دس محرم الحرام عاشورہ کی مرکزی مجلس کے بعد جلوس نشتر پارک سے برآمد ہو گا۔ شرکا نماز ظہرین تبت سینٹر پرادا کریں گے اور پھر جلوس اپنے مقررہ راستوں نمائش چورنگی، سی بریز، ایمپریس مارکیٹ، ریگل چوک، تبت سینٹر، ریڈیو پاکستان، بولٹن مارکیٹ، لائٹ ہاوس کھارادر سے ہوتا ہوا حسینیہ ایرانیاں پر اختتام پذیر ہو گا۔
کراچی میں سندھ رینجرز اور پولیس نے یوم عاشور کے جلوسوں اور مجالس کے لیے فول پروف انتظامات کر رکھے ہیں، جلوس کے روٹ پر آنے والی بلند عمارتوں اور مرکزی جلوس کے اطراف اور گزرگاہوں پر اسنائپرز بھی تعینات کیے گئے ہیں اور جلوس کے راستوں کی فضائی نگرانی بھی کی جائے گی۔
راولپنڈی اسلام آباد کا مرکزی جلوس ذوالجناح و علم امام بارگاہ عاشق حسین تیلی محلہ سے صبح 11 بجے برآمد ہوگا۔
لاہور میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس نثار حویلی اندرون موچی گیٹ سے برآمد ہوگا اور اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا، اس کے علاوہ پشاور، ملتان، حیدر آباد، سکھر، بنوں اور دیگر شہروں میں بھی محرم الحرام کے جلوس روایتی راستوں سے ہوتے ہوئے اختتام پذیر ہوں گے