اسلام آباد: پی ٹی آئی کے رہنما اسد عمر نے سیاست سے مکمل طور پر علیحدگی کا اعلان کردیا۔
سابق وفاقی وزیر اسد عمر نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں لکھا کہ میں نے سیاست کو مکمل طور پر چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے، پہلے بھی کہہ چکا ہوں کہ ریاستی اداروں کے ساتھ تصادم کی پالیسی سے متفق نہیں ہوں اور ایسی پالیسی ریاستی اداروں کے ساتھ شدید ٹکراؤ کا باعث بنی ہے جو ملک کے مفاد میں نہیں۔
اسد عمر نے پی ٹی آئی کی بنیادی رکنیت سے بھی مستعفی ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ میں ان تمام لوگوں کا شکرگزار ہوں جنہوں نے عوامی زندگی میں میرا ساتھ دیا، خاص طور پر میں این اے 54 کی ٹیم اور ووٹرز کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جنہوں نے مجھے دو بار منتخب کیا، اللہ پاک پاکستانی قوم پر اپنی رحمتیں نازل فرمائے۔
خیال رہے کہ اسد عمر سے قبل فواد چوہدری اور صداقت عباسی سمیت پی ٹی آئی کے کئی رہنما سیاست سے علیحدگی کا اعلان کرچکے ہیں۔