ممبئی: شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کی درخواست ضمانت مسترد کردی گئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ایک پارٹی کے دوران منشیات کیس میں گرفتار ہونے والے آریان خان کی نارکوٹک کنٹرول بیورو کی تحویل میں ہونے کی مدت آج ختم ہورہی تھی۔ بیٹے کی ضمانت کے لیے معروف اداکار شاہ رخ نے وکیل کے ذریعے عدالت میں درخواستِ ضمانت دائر کی تھی۔
سماعت کے دوران وکیل کا کہنا تھا کہ آریان خان ایک معزز اور معروف خاندان کے چشم و چرغ ہیں اور ان کے رہائی کے بعد فرار ہونے کے امکانات نہیں اس لیے عدالت آریان خان کو ضمانت پر رہائی کا حکم دے۔
آریان خان کے وکیل نے مزید دلائل دیے کہ ان کے مؤکل سے نہ تو منشیات برآمد ہوئی اور نہ ہی وہ ضمانت پر رہا ہونے کے بعد شواہد کو مٹاسکتے ہیں۔ انہیں صرف واٹس ایپ چیٹ پر حراست میں لیا گیا ہے۔
اس پر نارکوٹکس کنٹرول بیورو کے وکیل نے کہا کہ کوئی کتنا مشہور ہے اس سے فرق نہیں پڑتا۔ ہمیں اس پر غور کرنا ہوگا کہ لوگ کتنے بااثر ہیں اور شواہد میں چھیڑ چھاڑ کی جاسکتی ہے۔
اے ایس جی سنگھ نے مزید دلیل دی کہ یہ کوئی الگ تھلگ کیس نہیں ہے اور ضمانت کی نوعیت میں کسی بھی قسم کا تحفظ تفتیش میں رکاوٹ کا باعث بن سکتا ہے۔
فریقین کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے 23 سالہ آریان خان کو ضمانت پر رہا کرنے کی درخواست مسترد کردی تاہم عدالت نے ان کے وکیل سے ضمانت کے لیے دوسری درخواست جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔