اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں ہونے والے کچہری حملے کے سہولت کار اور ہینڈلر کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق کچہری حملے کا سہولت کار گزشتہ ایک ماہ سے راولپنڈی میں رہائش پذیر تھا، جسے راولپنڈی سے اور ہینڈلر کو خیبرپختونخوا سے گرفتار کیا گیا۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ ہینڈلر اور سہولت کار دہشت گرد کا تعلق خیبرپختونخوا سے ہے اور سیکیورٹی اداروں نے دونوں ملزمان کو گرفتار کرکے نامعلوم مقام منتقل کردیا ہے۔
ذرائع کے مطابق خودکُش دھماکے سے قبل سہولت کار اور خودکُش حملہ آور نے متعدد بار جوڈیشل کمپلیکس کا جائزہ لیا۔
واضح رہے اسلام آباد کے جوڈیشل کمپلیکس دھماکے میں 12 افراد شہید اور 36 لوگ زخمی ہوئے تھے جب کہ گزشتہ روز سیکیورٹی اداروں نے حملہ آور کو جوڈیشل کمپلیکس تک لانے والے موٹرسائیکل رائیڈر کو گرفتار کیا۔