کراچی: شہر قائد میں گلشن اقبال بیت المکرم کے قریب سے پولیس کی پی ٹی آئی کے رہنما سبحان علی ساحل کو حراست میں لینے کی اطلاعات ہیں۔
نجی ٹی وی کے مطابق ایس ایچ او عزیز بھٹی عدیل افضال سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے گرفتاری سے لاعلمی کا اظہار کیا جب کہ دوسری جانب پی ٹی آئی سندھ کے ترجمان و رکن صوبائی اسمبلی ارسلان تاج نے پارٹی کے سینئر رہنما و کراچی کے سابق صدر سبحان علی ساحل کی گرفتاری کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سبحان علی ساحل کی گرفتاری سے سندھ حکومت کی بوکھلاہٹ کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم ہر طرح کے حالات کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہیں، آخر انہیں پُرامن کارکنان اور رہنماؤں سے کس بات کا خوف ہے، پی ٹی آئی کا ہر شخص عمران خان ہے، یہ کتنوں کو گرفتار کریں گے۔
ارسلان تاج کے مطابق ہمارا احتجاج مطالبات کی منظوری تک جاری رہے گا، ہم سبحان علی ساحل کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتے ہیں اور اس قسم کی ماورائے قانون گرفتاریاں کسی صورت قابل قبول نہیں۔
پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے رکن سندھ اسمبلی جمال صدیقی کے مطابق سبحان علی ساحل کو ان کے رشتے دار کے گھر سے پولیس نے حراست میں لیا ہے جب کہ چھاپے کے دوران فریئر تھانے کی پولیس موبائل کے علاوہ دیگر سیاہ رنگ کی گاڑیاں بھی شامل تھیں، جس کے بعد پی ٹی آئی کے رہنما حراست میں لیے گئے سبحان علی ساحل کی تلاش میں پریڈی اور فریئر تھانے گئے تاہم ان کے بارے میں کوئی معلومات حاصل نہیں ہوسکی۔