راولپنڈی: پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ متحد قوم کے عزم کو کوئی کمزور نہیں کرسکتا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ راولپنڈی میں لیفٹیننٹ ناصر حسین کے گھر گئے اور انہوں نے شہید کے اہل خانہ سے ملاقات کی۔ اس موقع پر آرمی چیف نے شہید کے بلندی درجات کے لیے فاتحہ خوانی کی۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے شہید کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ لیفٹیننٹ ناصر حسین نے مادر وطن کے دفاع کا فرض ادا کرتے ہوئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔ انہوں نے شہید کے اہل خانہ کے حوصلے کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔
جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ پاکستانی قوم متحد ہے اور اپنے ہیروز کی قدر کرتی ہے۔ کوئی بھی خطرہ متحد قوم کے عزم کو متزلزل نہیں کرسکتا۔
واضح رہے کہ لیفٹیننٹ ناصر حسین خالد 3 ستمبر کو شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے حملے میں شہید ہوئے تھے۔