شہدا ہمارا فخر، دہشتگردوں کے ہتھیار ڈالنے تک انکا خاتمہ کیا جائیگا، آرمی چیف

راولپنڈی/ جنوبی وزیرستان: آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے ہتھیار ڈالنے تک ان کا خاتمہ کیا جائے گا۔
پاک فوج کے ترجمان ادارے آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے جنوبی وزیرستان کے علاقے عسمان منزہ کے قریب شیروانگی کا دورہ کیا، جہاں کور کمانڈر پشاور نے ان کا استقبال کیا۔
آرمی چیف کو موجودہ انٹیلی جنس اور انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں سمیت موجودہ سیکیورٹی صورت حال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
جنرل عاصم منیر نے علاقے میں تعینات افسران اور فوجیوں سے بات چیت کی اور دہشت گردی کی لعنت سے لڑنے میں ان کے غیر متزلزل عزم کو سراہا۔
آرمی چیف نے کہا کہ شہدا ہمارا فخر ہیں اور پاکستان میں مکمل امن و استحکام کی واپسی تک ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، دہشت گردوں، ان سے وابستہ افراد اور پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کے دشمن ایجنڈے پر کام کرنے والوں کو ریاست پاکستان کے سامنے ہتھیار ڈالنے تک ان کا خاتمہ کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ اس علاقے میں گزشتہ روز 6 بہادر فوجیوں نے دہشت گردوں کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا تھا۔

 

Army chiefCorp commander PeshawarspeechTerrorismTerroristVisit South Waziristan