اسلام آباد: وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے تصدیق کی ہے کہ وزارت دفاع کی طرف سے بھجوائی گئی سمری وزیراعظم آفس کو موصول ہوگئی جب کہ وزیراعظم شہباز شریف نے اتحادی جماعتوں کے پارلیمانی لیڈرز کا اجلاس بھی آج طلب کرلیا ہے۔
وزیراطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے بھی تصدیق کی کہ وزارت دفاع کی طرف سے بھجوائی گئی سمری وزیراعظم آفس کو موصول ہوگئی ہے، سمری میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور آرمی چیف کے عہدوں کے لیے ناموں کا پینل بھجوایا گیا ہے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف متعین طریقہ کار کے مطابق ان تعیناتیوں سے متعلق فیصلہ کریں گے۔
اب وزیراعظم آفس نے بھی آرمی چیف کی تعیناتی کے لیے سمری موصول ہونے کی تصدیق کردی ہے۔
دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے اتحادی جماعتوں کے پارلیمانی لیڈرز کا اجلاس بھی آج طلب کرلیا، اتحادی جماعتوں کے پارلیمانی لیڈرز کا اجلاس آج شام 6 بجے ہوگا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورت حال پر مشاورت ہوگی۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز سابق صدر آصف زرداری نے بھی وزیراعظم شہباز شریف نے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کر کے ان کی مزاج پرسی کی تھی اور ملکی سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا تھا۔
نجی ٹی وی سے گفتگو میں اس حوالے سے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور آصف علی زرداری کے درمیان ہونے والی بات چیت میں یقیناً آرمی چیف کی تعیناتی کے معاملے پر بھی گفتگو ہوئی تھی۔