راولپنڈی: آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ ڈیجیٹل دہشت گردی اور ففتھ جنریشن وار روایتی دہشت گردی کے برعکس زیادہ خطرناک اور پیچیدہ ہے، لیکن جب تک ہم متحد رہیں گے، دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کو نقصان نہیں پہنچاسکتی۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے یوم دفاع پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ 6 ستمبر کا دن تاریخ میں یوم دفاع وطن کے نام سے نمایاں حیثیت رکھتا ہے، آج کے دن افواج نے دشمن کے ناپاک عزائم خاک میں ملائے تھے۔
ان کا کہنا ہے کہ جنگ ستمبر کے موقع پر قومی یکجہتی کا جذبہ ہمارے لیے سرمایہ افتخار ہے، قومی اتحاد و یکجہتی کے جذبے سے سرشار افواج سرحدوں کا تحفظ کررہی ہیں، معرکہ ستمبر میں افواج کا جرأت و بہادری کا مظاہرہ آئندہ نسلوں کے لیے مشعل راہ ہے۔
آرمی چیف نے کہا کہ شہداء ہمارے لیے مقدم ہیں، شہداء اور ان کے اہل خانہ کی حرمت و حفاظت کی ذمے داری بطریق احسن انجام دینا جانتے ہیں، ایمان، تقویٰ اور جہاد فی سبیل اللہ دشمنوں سے نمٹنے کے لیے ہمارا بڑا ہتھیار ہیں۔
جنرل عاصم منیر نے کہا کہ دہشت گردی کے عفریت کو بہادری اور جواں مردی سے افواج نے قابو کیا، فورسز، قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کاوشوں سے آج پاکستان محفوظ ہے۔
ان کا کہنا تھا ڈیجیٹل دہشت گردی اور ففتھ جنریشن وار نئے چیلنجز کے طور پر سامنے آرہے ہیں، روایتی دہشت گردی کے برعکس ڈیجیٹل دہشت گردی زیادہ خطرناک اور پیچیدہ ہے، ملک دشمن عناصر، غیر ملکی اداروں کے اشتراک نے ڈیجیٹل دہشت گردی کو مزید پیچیدہ بنادیا ہے۔
جنرل عاصم منیر نے کہا کہ وطن کی سلامتی اور خوش حالی کے عزم کے ساتھ عہد کریں کہ ہم متحد رہیں گے، عہد کریں کہ اختلافات بھلاکر مثالی یکجہتی اور ہم آہنگی کا مظاہرہ کریں گے، جب تک ہم متحد رہیں گے دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کو نقصان نہیں پہنچاسکتی۔