راولپنڈی: چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ دفاعی پیداوار میں خود انحصاری میدان جنگ کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اہم ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاکستان آرڈننس فیکٹری واہ کا دورہ کیا، پی او ایف پہنچنے پر چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل بلال اکبر نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔
اس دوران پاک افواج کے سربراہ کو مختلف شعبوں سے متعلق بریفنگ دی گئی اور مستقبل کے منصوبوں اورجدت لانے کے اقدامات کے حوالے سے آگاہ کیا گیا، آرمی چیف کو مسلح افواج کی آپریشنل ضروریات پر بھی بریفنگ دی گئی۔
آرمی چیف نے نئے تیار کیے گئے دفاعی ساز وسامان کے ڈسپلے لاؤنج کا دورہ کیا، جہاں انہیں برآمدات کے بین الاقوامی منصوبوں کے لیے پی او ایف کی کوششوں سے آگاہ کیا گیا۔ بریفنگ میں مسلح افواج کی آپریشنل ضروریات کے تناظر میں جدیدٹیکنالوجی کے حصول اور کم خرچ پائیدار پروڈکشن پر غور کیا گیا۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اس موقع پر پیداوار کو بڑھانے میں پی او ایف انتظامیہ وعملے کی لگن کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ دفاع پاکستان میں پی او ایف مسلح افواج کی ریڑھ کی ہڈی کے طور پرخدمات انجام دے رہی ہے، دفاعی پیداوارمیں خود انحصاری میدان جنگ کے چیلنجزسے نمٹنے کے لیے اہم ہے۔