اسلام آباد: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ افغانستان میں انسانی بحران سے بچنے کے لیے عالمی سطح پر یکجا ہونے کی ضرورت ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے نیٹو کے سینئر سول نمائندے اسٹیفنو پونٹی کوروو نے ملاقات کی، اس موقع پر باہمی دلچسپی کے امور سمیت خطے میں امن اور افغانستان کی صورت حال پر بات چیت کی گئی۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ افغانستان میں ابھرتے ہوئے انسانی بحران کو روکنے کے لیے عالمی برادری کو افغانستان پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔
ملاقات کے دوران اسٹیفنو پونٹی کوروو نے افغانستان کی صورت حال میں پاکستان کے کردار کو سراہا، انہوں نے افغانستان سے غیرملکیوں کے کامیاب انخلا اور خطے کے استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں کی تعریف کی، نیٹو نمائندے نے افغانستان کے معاملے پر نیٹو ممالک کے پاکستان کے ساتھ روابط اور تعاون بڑھانے کی یقین دہانی کرائی۔