راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ اپنی بہادر قوم کے تعاون سے دہشت گردوں کی ہر کوشش ناکام بنادیں گے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر حملے کے نتیجے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکار، سیکیورٹی گارڈز اور عام شہریوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی گارڈز نے اپنی جانیں قربان کرکے دہشت گردوں کو روکا اور بروقت کارروائی سے دہشت گردی کی بڑی کوشش ناکام بنادی۔
انہوں نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کا فوری ردعمل بھی لائق تحسین ہے، رینجرز اور سندھ پولیس نے بروقت کارروائی کرکے مختصر وقت میں دہشت گردوں کا خاتمہ کیا۔ اپنی بہادر قوم کے تعاون سے دہشت گردوں کی ہر کوشش ناکام بنادیں گے، ملک میں دیرپا امن شہدا کی بڑی قربانیوں کے نتیجے میں ممکن ہوا۔