اسلام آباد: چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان کی خوش حالی اور ترقی کے سفر میں کسی قسم کا عدم استحکام برداشت نہیں کیا جائے گا۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے گرین پاکستان انیشی ایٹو کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب مل کر ٹیم پاکستان ہیں، ان شاء اللہ عوام کے تعاون اور سپورٹ سے پاکستان کی ترقی کے سفر میں رخنہ ڈالنے اور توجہ ہٹانے والوں کی تمام کوششیں ناکام ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ منفی پروپیگنڈا اور سوشل میڈیا ٹرولز ہماری توجہ پاکستان اور اس کے عوام کی ترقی اور خوش حالی کے لیے کام کرنے سے نہیں روک سکتے۔
آرمی چیف نے کہا کہ آج کے دور میں معاشی استحکام کے بغیر مکمل خودمختاری کا تصور ممکن نہیں، پاکستان کی خوش حالی اور ترقی کے سفر میں کسی قسم کا عدم استحکام برداشت نہیں کیا جائے گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ آئیے، ہم سب مل کر منفی قوتوں کو ردّ کریں اور پاکستان کی ترقی اور استحکام کے سفر پر مرکوز رہیں۔