اسلام آباد: آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کا کہنا ہے کہ ہم پاکستان کی ترقی اوراسے اوپر لے جانا چاہتے ہیں۔
اسلام آباد میں منرل سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے جنرل عاصم منیر نے قرآن پاک کی آیات اور علامہ اقبال کے اشعار کے ساتھ تقریر کا آغاز کیا۔
انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان کی ترقی اور اسے اوپر لے جانا چاہتے ہیں، ہمارے پاس جو وسائل ہیں ہم نے انہیں دریافت کرنا ہے، اللہ مہربان ہے پاکستان کی ترقی کے لیے آگے آئیں اور کامیابیاں سمیٹیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے پاکستان کو آگے لے کر جانا ہے، جس کے لیے تمام افسران مل کر کام کریں، ہم نے گرین انیشی ایٹو بھی اسی لیے لیا ہے، خدا بھی ان کی مدد کرتا ہے جو اپنی حالت بدلنے کی کوشش کرتے ہیں۔
آرمی چیف کا کہنا تھا کہ رب نے جو زندگی دی ہے پھر لوٹ کر اسی کی طرف جانا ہے، اللہ تعالیٰ نے کہا ہے کہ میں تمہیں آزماؤں گا، کبھی بھوک سے، کبھی خوف سے، کبھی جان سے، لیکن جو لوگ صبر دکھاتے ہیں کامیابی انہی کی ہوتی ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ ہم چاہتے ہیں ون اسٹیپ انشی ایٹو ہو، یہ سمٹ بہت اہم ہے ہم مقامی ریڈ ٹیپ ازم سے اور بیوروکریٹک رکاوٹوں سے نکلنا چاہتے ہیں، اس لیے ہم نے ملٹری، سول بیوروکریسی، وفاقی حکومت، صوبائی حکومتیں ملاکر ایک ادارہ بنایا ہے۔
آرمی چیف نے کہا کہ بطور قوم ہم سب آگے نکلیں گے محنت کریں گے اور ان شاء اللہ، اللہ کامیابی بھی دے گا، ہم مل کر محنت کرکے ملک کو درپیش مشکلات سے نکالیں گے۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے مزید کہا کہ بیرونی سرمایہ کار اس اعتماد کے ساتھ یہاں آئیں کہ فوری فیصلے ہوں گے اور ان کا سرمایہ ضائع نہیں ہوگا، ملک میں اکنامک گروتھ ہوگی، ان کی مائننگ لائسنسنگ میں کسی قسم کی رکاوٹ نہیں ہوگی، غیر ملکی سرمایہ کار یہاں ایک نئی اقتصادی ٹیکنالوجی لے کر آئیں، صنعتیں بنائیں ہمارے لوگوں کے علم میں اضافہ ہوگا مقامی لوگوں کے مسائل حل ہوں گے، منرلز کو ترقی ملے گی۔