اسلام آباد: آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ پوری قوم نے متحد ہو کر دشمن کا مقابلہ کیا، ہمارے میڈیا نے بھارتی میڈیا کو شاندار جواب دیا وہ اسے یاد رہے گا۔
اسلام آباد پاکستان مانیومنٹ پر یوم تشکر کی خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس کے مہمان خصوصی وزیراعظم شہباز شریف تھے۔
تقریب میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی سمیت تینوں سروسز چیفس بھی شریک ہوئے۔
تقریب میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ آصف اور وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ سمیت دیگر وزرا بھی شریک تھے۔
تقریب میں معرکۂ حق کے دوران اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے یوم تشکر کی تقریب میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم نے متحد ہوکر دشمن کا مقابلہ کیا، جیسے ہمارے میڈیا نے جواب دیا اس پر فخر ہے۔
آرمی چیف کا کہنا تھا کہ میڈیا ہمارا فخر ہے، ہم نے کچھ نہیں چھپایا حقیقت بتائی، ہمارے میڈیا کا کردار ذمے دارانہ تھا، ہمارے میڈیا نے بھارتی میڈیا کو شاندار جواب دیا وہ اسے یاد رہے گا۔
اس کے علاوہ وزیراعظم شہباز شریف نے یوم تشکر کی مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وطن عزیز پر جانیں نچھاور کرنے والے شہدا کو سلام پیش کرتے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ آج کا دن تشکر کا ہے، یہ دن صدیوں بعد کسی کسی کو ملتا ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ دشمن نے ہماری مخلصانہ پیشکش کو حقارت سے ٹھکرایا، ہم نے پیشکش کی تھی کہ پہلگام واقعے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کی جائیں۔
یاد رہے کہ پاکستان نے بھارت کی جانب سے 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب بھارت کی جانب سے کی جانے والی فوجی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے 3 رافیل طیاروں سمیت 5 جنگی طیاروں کو گرایا اور پھر 10 مئی کو اپنی خود مختاری کا دفاع کرتے ہوئے بھارت کو ایسا جواب دیا جسے ساری دنیا نے تسلیم کیا۔