راولپنڈی: چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ افغانستان میں انسانی بحران سے بچنے کے لیے عالمی اتفاق رائے کی ضرورت ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق پاکستان میں تعینات کینیڈین ہائی کمشنر نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے دوران مجموعی علاقائی صورت حال، افغانستان میں امن اور استحکام پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا جب کہ باہمی دلچسپی کے امور، مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون پر بھی بات چیت کی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کینیڈین ہائی کمشنر نے افغان صورت حال میں پاکستانی کردار کو قابل قدر قرار دیا اور کینیڈین ہائی کمشنر نے دوطرفہ بہتر تعلقات کے لیے کام جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
کینیڈین ہائی کمشنر نے کہا کہ پاکستان نے افغانستان سے غیر ملکیوں کے انخلا آپریشن میں کلیدی کردار ادا کیا۔
اس موقع پر آرمی چیف کا کہنا تھا کہ افغانستان پر عالمی اتفاق رائے کی ضرورت ہے تاکہ انسانی بحران سے بچا جاسکے، اس کے علاوہ افغان عوام کی ترقی کے لیے مربوط کوششیں کی جاسکیں۔
جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ پاکستان، کینیڈا کے ساتھ طویل مدت، کثیر الجہتی پائیدار تعلقات چاہتا ہے۔ پاکستان دوطرفہ تعلقات کی روایت کو برقرار رکھنا چاہتا ہے۔