اسلام آباد: مسلسل عدم پیشی پر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے ایس ایس پی آپریشنز کو علی امین گنڈاپور کو گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
جوڈیشل مجسٹریٹ مبشر حسن چشتی نے غیر قانونی اسلحہ اور شراب برآمدگی کیس کی سماعت کی۔
مقدمے کے تفتیشی افسر اور وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور کے وکیل راجہ ظہور الحسن ایڈووکیٹ بھی عدالت میں پیش نہ ہوئے۔ جج نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نہ ملزم پیش ہوا اور نہ ہی وکیل۔
عدالت نے کیس کی سماعت 21 جنوری تک ملتوی کردی۔
خیال رہے کہ 2016 میں اسلام آباد پولیس نے دعویٰ کیا تھا کہ بنی گالہ کے علاقے میں علی امین گنڈاپور کی گاڑی سے شراب، کلاشنکوف، رائفلز، ایک پستول، میگزین، بلٹ پروف جیکٹ اور آنسو گیس کے تین گولے برآمد کیے گئے تھے۔