کراچی: اداکارہ اور ماڈل اریج چوہدری نے انکشاف کیا ہے کہ لوگ سوشل میڈیا پر ٹی وی ڈرامے میں منفی کردار نبھانے کی وجہ سے مجھے گالیاں اور بددعا دیتے ہیں۔
اریج چوہدری نے نجی ٹی وی سے گفتگو میں کہا کہ میری اپنی شخصیت بہت مثبت ہے، حقیقی زندگی میں جن چیزوں کے خلاف ہوں، منفی کردار میں وہ سب سے زیادہ ہیں، اس لیے منفی کردار کو سمجھنا اور اس پر کام کرنا میرے لیے مشکل ہے۔
انہوں نے اپنے حالیہ ڈرامے کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ ڈرامے میں ایک میاں بیوی ہیں اور میں انہیں الگ کررہی ہوں، تو میں سوچتی تھی کہ میں کیا کررہی ہوں اور یہ میرے لیے ایک چیلنج تھا، جس کا میں نے بہت مختلف تجربہ کیا ہے۔
اریج چوہدری نے کہا کہ جب تک لوگ مجھ سے نہیں ملے ہوتے تب تک وہ مجھے سوشل میڈیا پر منفی کردار کی وجہ سے گالیاں دے رہے ہوتے ہیں اور بددعا دیتے ہیں، پھر مجھ سے ملنے کے بعد لوگوں کا نظریہ تبدیل ہوجاتا ہے، وہ مجھے بولتے ہیں آپ بری لگتی نہیں ہیں۔
واضح رہے کہ اداکارہ اریج چوہدری نے کبھی میں کبھی تم، وہ پاگل سی، ترک وفا، ڈھائی چال، جنٹلمین جیسے ہٹ ڈراموں میں کردار ادا کیا ہے۔
اداکارہ اریج چوہدری کا متعدد انٹرنیشنل بیوٹی مقابلوں میں حصہ لے کر پاکستان کی نمائندگی کرنا بھی ایک بڑا حوالہ ہے۔