لاہور: لاہور سے جیل بھرو تحریک میں گرفتار ہونے والے پی ٹی آئی رہنماؤں کی رہائی کے لیے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی گئی۔
پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی کے صاحبزادے زین قریشی کی جانب سے والد کو عدالت میں پیش کرانے کے لیے درخواست دائر کردی گئی ہے، جس میں کہا گیا کہ شاہ محمود قریشی کو حبس بے جا میں رکھا گیا ہے، اُن کو کل حراست میں لیا گیا، لیکن نہیں بتایا جارہا کہ وہ کہاں ہیں۔
اسد عمر، عمر سرفراز چیمہ، ولید اقبال، اعظم سواتی کے علاوہ ڈاکٹر مراد راس، جان مدنی، اعظم نیازی اور احسان ڈوگر کی بازیابی کے لیے بھی درخواستیں دائر کرائی گئی ہیں۔
پی ٹی آئی رہنماؤں کی بازیابی کی درخواست تحریک انصاف کے اعجاز چوہدری نے دائر کی ہے، درخواست میں ایڈیشنل چیف سیکریٹری ہوم، آئی جی اور سی سی پی او کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ آئی جی اور سی سی پی او نے تحریک انصاف کے قائدین کو گرفتار کیا، قائدین کو مال روڈ سے پکڑ کر پہلے کیمپ جیل، پھر کوٹ لکھپت جیل لے جایا گیا، قائدین کو کھانا اور دوائیاں بھی فراہم نہیں کرنے دی گئیں۔
اعجاز چوہدری کی جانب سے دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ قائدین کو غیر قانونی حراست میں رکھا گیا ہے، شہرت اور ذات کو نقصان پہنچانے کے لیے جھوٹے کیس بنائے جاسکتے ہیں، رہنماؤں اور ورکرز کو حراست میں رکھنے کا کوئی قانونی جواز نہیں ہے، رہنماؤں کو بازیاب کرکے پولیس کو غیرقانونی اقدام سے باز رہنے کا حکم دیا جائے۔
لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس شہرام سرور نے درخواست پر سماعت کے لیے جمعے کا دن مقرر کردیا ہے۔