اپنی جنت کا احترام کریں

منزہ خان

والدین اور اولاد کا رشتہ دنیا کا سب سے حسین اور مقدس رشتہ ہے۔ ماں اور باپ دنیا کی وہ ہستیاں ہیں جن کے اپنی اولاد پر بے شمار احسانات ہیں اگر کوئی پوری زندگی بھی والدین کی خدمت کرے تب بھی ان کے احسانات کا بدلہ نہیں ادا کر سکتا۔ مذہب اسلام میں بھی اللہ رب العزت کی عبادت کے ساتھ ساتھ والدین کے احترام اور فرمانبرداری کادرس دیا گیا ہے۔اولاد بھی ماں باپ کے لیے اتنا ہی اہم مقام رکھتی ہے،اولاد رب تعالیٰ کی عظیم نعمت ہے۔ اولاد جتنی صالح اور با ادب ہو اتنی ہی والدین کے لیے باعث عزت و خوشی ہوتی ہے۔
والدین اپنی اولاد سے بے شمار امیدیں لگاتے ہیں کہ یہ ان کی آنکھوں کی ٹھنذک بنے گی اور معاشرے میں باعث فخر بنے گی اور ایسا ہوتا بھی ہے، لیکن اکثر حقیقت اسکے برعکس ہو جاتی ہے۔ اولاد انکی آنکھوں میں ٹھنڈک کے بجائے آنسوؤں کا سبب بن جاتی ہے اور زمانے میں سر بلندی کے بجائے سر جھکانے کا باعث بن جاتی ہے۔
اگر ہم معاشرے کی نظر ثانی کریں تو والدین کے ساتھ غلط سلوک کرنے والے بہت سے افراد نظر آئینگے، جس کی ایک مثال کچھ عرصہ پہلے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو بھی ہے جس میں بیٹا اپنی ماں پر تشدد کرتا دیکھا گیا تھا ایسے اور بھی واقعا ت ر ونما ہوتے رہے ہیں اور ایسی بھی مثالیں معاشرے میں موجود ہیں جنکی جنت رل رہی ہے. کسی کی سڑکوں پر تو کسی کی اولڈ ایج ہاؤس میں۔ وہ والدین جوآپکی پرورش کرتے ہیں،آپکو اپنا وقت دیتے ہیں اور اپنی زندگیاں آپکے لئے سرف کر دیتے ہیں. ان ہی کے لئے آپکی زندگیوں میں کوئی جگہ و گنجائش نہیں بچتی۔

وہ والدین جن کے سامنے ہمارا مذہب اف تک کہنے کی اجازت نہیں دیتا آج کل اولاد انکے ساتھ بے جا بدتمیزی کرتی ہے اور انکا دل دکھاتی ہے۔
لوگوں کو اکثر یہ گلہ ہوتا ہے کہ ہمارے والدین نے ہمارے لئے کچھ نہیں کیا اسکا جواب حاصل کرنے کے لئے انہیں اپنی حیات پر نظر ثانی کرنی چاہیے۔ میں کسی کے بارے میں تو نہیں جانتی لیکن ’میں‘ آج جو کچھ بھی ہوں صرف اپنے’والدین‘کی وجہ سے ہوں،آج میں لکھنا پڑھنا جانتی ہوں، معاشرے میں اچھی زندگی بسر کر رہی ہوں تو فقط اپنے والدین کی بدولت۔
آج میرا اس موضوع پر لکھنے کا مقصد ہی یہ پیغام دینا ہے کے اپنے والدین کی عزت کریں، انکی خوشیوں کا سبب بنیں اور
اپنی جنت کا احترام کریں۔
اللہ پاک ہم سب کے والدین کو صحت و تندرستی اور خوشیوں والی لمبی زندگی عطا فرمائے(آمین)

ParentsRespect mother and fatherRespect Parents