کراچی: شہر قائد کو تجاوزات سے پاک کرنے کا مشن شروع کردیا گیا، جس کے لیے ضلع وسطی میں مساجد سے اعلانات کیے گئے ہیں۔
سندھ حکومت نے کراچی میں برساتی نالوں پر قائم تجاوزات کے انسداد کے آپریشن کا فیصلہ کیا ہے۔ آج سے ضلع وسطی میں غیر قانونی تعمیرات کو مسمار کرنے کا سلسلہ شروع ہوگا۔
ڈپٹی کمشنر ضلع وسطی کے مطابق برساتی نالوں کے اطراف تجاوزات کو گرایا جائے گا، پہلے مرحلے میں نالوں پر قائم تجارتی مقاصد کے لیے بنائی گئی عمارتوں کے ساتھ غیر قانونی دکانوں کے شیڈز کو ہٹایا جائے گا۔ پھر نالہ اسٹاپ نیو کراچی، کیفے پیالہ اور ضیا الدین اسپتال کے اطراف نالوں پر کل سے تجاوزات صاف کی جائیں گی۔
ڈپٹی کمشنر وسطی ایم بی دھاریجو کے مطابق دوسرے مرحلے میں غیر قانونی مکانات کو خالی کرایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ رہائشی افراد کو بے گھر نہیں کریں گے، رہائشیوں کو متبادل جگہ فراہم کرنے کے بعد آپریشن کا دوسرا مرحلہ شروع کیا جائے گا۔