اسلام آباد/ کراچی: پنجاب، خیبر پختونخوا اور سندھ سمیت ملک بھر میں 60 سال اور زائد عمر کے افراد کو کورونا ویکسین لگانے کے عمل کا آغاز ہوگیا۔
سیکریٹری ہیلتھ پنجاب محمد عثمان کا کہنا ہے کہ صوبے بھر میں ضلع اور تحصیل کی سطح پر 104 ویکسی نیشن سینٹرز فعال ہیں، ایکسپو سینٹر میں کل 20 ویکسی نیشن کاؤنٹر قائم کیے گئے ہیں۔
محمد عثمان کا کہنا ہے کہ صوبے بھر میں اب تک ڈیڑھ لاکھ سے زائد بزرگ شہری رجسٹرڈ ہوچکے، 60 سال سے زائد عمر کے افراد 1166 پر شناختی کارڈ نمبر ایس ایم ایس کرکے رجسٹریشن کروائیں یا کسی بھی قسم کی مدد اور رہنمائی کے لیے 1033 پر رابطہ کریں۔
خیبر پختونخوا میں بھی 60 سال سے زیادہ عمر کے افراد کی کورونا ویکسی نیشن کا عمل شروع ہوچکا۔
محکمۂ صحت کے پی کے مطابق اسپتالوں میں 60 سال سے زائد عمر کے افراد کو ویکسین لگائی جارہی ہے، 4 ہزار سے زیادہ بزرگ شہریوں نے کورونا ویکسی نیشن کے لیے رجسٹریشن کروائی، پہلی ترجیح میں 80 سال کی عمر کے افراد کو ویکسین لگائی جائے گی۔
محکمہ صحت خیبر پختونخوا کے حکام کا کہنا ہے کہ ویکسین لگانے کے بعد بزرگ شہریوں کو 30 منٹ مراکز میں رکھا جائے گا، بزرگ شہریوں کی صحت سے متعلق معلومات کا اندراج بھی کیا جائے گا۔
صوبائی محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے خیبر پختونخوا کو مجموعی طور پر 56 ہزار ویکسین ملی ہیں۔
پنجاب اور کے پی کی طرح سندھ میں بھی بزرگ شہریوں کو کورونا ویکسین لگانے کا عمل شروع ہوچکا۔
محکمہ صحت سندھ کے مطابق 60 سال سے زائد عمر کے رجسٹریشن کروانے والے بزرگ شہریوں کو ویکسین لگوانے کے لیے ایس ایم ایس بھیجا جارہا ہے، بزرگ شہری ایس ایم ایس پر دیے گئے متعلقہ سینٹر پر جاکر ویکسین لگواسکتے ہیں۔