اسلام آباد: سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے توشہ خانہ ریفرنس الیکشن کمیشن کو بھجوا دیا گیا۔
نجی ٹی وی نے بتایا کہ اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف کی منظوری کے بعد حکمران اتحاد کا مشترکہ ریفرنس دائر کیا گیا۔ پارلیمانی ذرائع کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی کے پاس ضابطے کے مطابق حکمران اتحاد کی جانب سے ریفرنس جمع کرایا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی نے 29 دن اس ریفرنس پر آئینی و قانونی ماہرین سے طویل مشاورت کی۔ علاوہ ازیں اسپیکر نے حکمران اتحاد کی قیادت سے بھی مشاورت کی۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز پی ڈی ایم نے بھی عمران خان کو نااہل قرار دلانے کے لیے الیکشن کمیشن میں ریفرنس دائر کیا تھا۔