لاہور: جناح ہاؤس جلانے میں ملوث دہشت گردوں کی تصاویر محکمہ داخلہ پنجاب نے جاری کردیں۔
محکمہ داخلہ پنجاب نے جناح ہاؤس جلانے میں ملوث افراد کی شناخت کرنے والوں کے لیے 2 لاکھ روپے انعام کا بھی اعلان کیا ہے۔
اخبارات میں جاری اشتہار میں شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ جناح ہاؤس جلانے میں ملوث افراد کی نشان دہی کریں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مدد کریں، شناخت کرانے والے فرد کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔
پنجاب حکومت نے حالیہ ہنگامہ آرائی اور سول و عسکری تنصیبات میں توڑ پھوڑ کی تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی بنانے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔
دھیان رہے کہ 9 مئی کو شرپسندوں نے جناح ہاؤس لاہور (کور کمانڈر لاہور کی رہائش گاہ) پر حملہ کرکے اسے تباہ کردیا تھا اور سامان لوٹنے کے بعد اسے آگ لگادی تھی، حملہ آوروں نے قائداعظم محمد علی جناح کا پیانو، رائٹنگ ٹیبل ڈیسک اور تلوار بھی جلا ڈالی تھی، یہ نوادرات بانی پاکستان نے حکومت پاکستان کو عطیہ کی تھیں اوربطور قومی ورثہ یہاں محفوظ تھیں۔