کراچی: ٹی وی کی ابھرتی ہوئی خوبرو اور باصلاحیت اداکارہ انمول بلوچ کی مقبولیت اور مصروفیت میں اضافہ ہوا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ان دنوں انمول بلوچ نوجوان ہدایت کار کامران اکبر کے ڈرامے قربتیں میں دکھائی دے رہی ہیں، جہاں نئی نسل کے مقبول اداکار شہباز شگری کے ساتھ ان کی جوڑی کو بہت پسند کیا جارہا ہے۔
دونوں فن کاروں کی متاثر کن پرفارمینس نے ناظرین کے دل جیت لیے۔’’ قربتیں ‘‘ کی ابتدائی اقساط ہی میں اداکارہ نے ناظرین کی توجہ حاصل کرلی۔
کامران اکبر کی ہدایت کاری میں اور ایم ڈی پروڈکشن کے بینر تلے بننے والے اس ڈرامے میں شہباز شگری اور انمول مرکزی کردار نبھا رہے ہیں۔ ڈرامے کی کہانی میں رومانس بھی ہے اور اپنی صلاحیتوں سے منزل تک پہنچنے کی جدوجہد بھی۔
اداکارہ انمول نے اپنے کردار کے بارے میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ میرا کردار ماضی میں پیش کیے گئے تمام کرداروں سے مختلف ہے، یہ کردار ایک ایسی نوجوان لڑکی کا ہے، جو زندگی میں آگے بڑھنے کی خواہش مند ہے۔
انھوں نے کہا کہ مجھے متنوع کردار ادا کرنا پسند ہے، میں منفرد اسکرپٹس کی تلاش میں رہتی ہوں، کامران اکبر کی ڈائریکشن میں کام کرنا بہت اچھا لگا۔ واضح رہے کہ اداکارہ انمول بلوچ کو ڈراما سیریل ایک لڑکی عام سی، دیوار شب اور سزائے عشق میں بے حد پسند کیا گیا۔