نیویارک: ہالی وُڈ سپراسٹار انجلینا جولی نے اپنی حالیہ گفتگو میں تنہائی سے نبردآزما ہونے اور ایک جیون ساتھی کی تلاش کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔
ان کا یہ بیان ان کی نئی فلم ’ماریا‘ کی ریلیز سے قبل سامنے آیا ہے، جو مشہور اوپرا سنگر ماریا کالاس کی زندگی پر مبنی بائیوپک ہے اور وہ بھی اپنی زندگی میں بے حد تنہا ہوتی ہے۔
انجلینا جولی نے حالیہ انٹرویو میں 8 سال قبل بریڈ پٹ سے علیحدگی کے بعد پیش آنے والے چیلنجز اور اپنی موجودہ تنہائی کے بارے میں بات کی۔
جب ان سے پوچھا گیا کہ وہ فلم ’ماریا‘ کے کس پہلو کو اپنی ذاتی زندگی سے قریب محسوس کرتی ہیں تو انہوں نے کہا کہ اگرچہ وہ اپنے بچوں سے بے حد محبت کرتی ہیں، لیکن وہ خود کو اکثر تنہا محسوس کرتی ہیں۔
انجلینا جولی نے مزید کہا کہ وہ خود کو فلم کے کردار ماریا کی طرح اکیلا محسوس کرتی ہیں۔ انہوں نے یہ بھی تسلیم کیا کہ وہ ابھی تک یہ نہیں سمجھ پائی ہیں کہ اپنی موجودہ صورت حال میں زندگی کو کس طرح گزارنا ہے، بس وہ اپنے بچوں کے لیے مضبوط ماں کے طور پر خود کو دیکھتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ زیادہ تر فنکار یہی محسوس کرتے ہیں کہ وہ ایک کھلے ماحول میں موجود ہیں، مگر وہ مکمل طور پر کسی ایک جگہ یا کیفیت میں سیٹل نہیں ہوپاتے، جس کے باعث بعض اوقات وہ عجیب کیفیت میں مبتلا ہوجاتے ہیں۔
خیال رہے کہ اس سے قبل انجلینا جولی کے اور معروف ریپر اکالا کے درمیان تعلقات کی خبریں زیر گردش تھیں، اور دونوں کو کئی مواقع پر ایک ساتھ دیکھا گیا تھا تاہم ان کی جانب سے اس تعلق کا باضابطہ طور پر اعلان نہیں کیا گیا۔