راولپنڈی: چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ پاکستان امریکا کے ساتھ دیرپا تعلقات کا خواہش مند ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے امریکی ناظم الامور انجیلا ایگلر نے اہم ملاقات کی، ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور اور افغانستان کی سیکیورٹی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں کے درمیان ہونے والی ملاقات کے دوران مختلف شعبوں میں تعاون کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی۔
ملاقات کے دوران آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ پاکستان امریکا کے ساتھ دیرپا تعلقات کا خواہش مند ہے، پاکستان دونوں ملکوں کے درمیان باہمی بات چیت کی روایت کو جاری رکھنے کی خواہش رکھتا ہے۔