لاہور: کاؤنٹر ٹیرر ازم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) پنجاب نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے القاعدہ کے سابق سربراہ اسامہ بن لادن کے قریبی ساتھی کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان سی ٹی ڈی پنجاب کے مطابق دہشت گرد امین الحق کو انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے بعد گرفتار کیا گیا۔
گرفتار دہشت گرد امین الحق القاعدہ کا سرکردہ جنگجو ہے، جس کا نام اقوام متحدہ کی عالمی دہشت گردوں کی فہرست میں بھی شامل ہے۔
دہشت گرد امین الحق کی گرفتاری کا مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔
حکام سی ٹی ڈی کے مطابق محکمہ سی ٹی ڈی محفوظ پنجاب کے ہدف پر عمل پیرا ہے، دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پُرعزم ہیں۔
خیال رہے کہ یکم مئی 2011 کو خیبر پختون خوا کے ضلع ایبٹ آباد میں امریکی کمانڈوز نے آپریشن کے دوران اسامہ بن لادن کو ہلاک کردیا تھا۔