آئی ٹی انڈسٹری کے دیرینہ مسائل حل، بے یقینی کا خاتمہ ہوگا: امین الحق

اسلام آباد: وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونی کیشن سید امین الحق نے کہا ہے کہ آئی ٹی انڈسٹری کے ٹیکس سمیت دیگر دیرینہ اور اہم مسائل کے حل کے لیے وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین کی جانب سے فوری اقدامات کی ہدایات جاری کی گئی ہیں، اس طرح ملک کی تیزی سے ترقی کرتی انڈسٹری کی بے چینی اور مایوسیوں کا خاتمہ ہوگا، انہوں نے یہ بات پاکستان سافٹ ویئر ہاؤس ایسوسی ایشن (پاشا) کے وفد سے بدھ کو ملاقات کے دوران کہی۔ ملاقات میں پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ کے مینجنگ ڈائریکٹر عثمان ناصر، چیئرمین پاشا برکان سعید اور سیکریٹری جنرل حرا زینب شریک تھے۔
وفاقی وزیر آئی ٹی کا کہنا تھا کہ انڈسٹری کو ایف بی آر کی جانب سے بے جا ٹیکس نوٹسز کے اجراء، فری لانسرز اور اسٹارٹ اپس کے لیے فارن کرنسی اکاؤنٹس کھولنے میں مشکلات، غیر ملکی سرمایہ کار کمپنیوں کو اپنا جائز منافع ملک سے باہر لے جانے میں قانونی رکاوٹوں سمیت دیگر مسائل کے حل کی خاطر وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین نے ضروری اقدامات کا وعدہ کیا ہے۔ سید امین الحق نے بتایا کہ برآمدات میں نمایاں کارکردگی دکھانے والی آئی ٹی کمپنیوں کو 5 فیصد نقد انعام کا اعلان کیا گیا ہے جب کہ آئی ٹی برآمدات کا ایک فیصد بطور فنڈ پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ کو دیا جائے گا۔ اس فنڈ سے سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارکس کے قیام، نوجوانوں کو ہنرمند بنانے کے منصوبے اور آئی ٹی انڈسٹری کے فروغ کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔
وفاقی وزیر آئی ٹی نے مزید کہا کہ ہم نے وعدہ کیا تھا کہ آئی ٹی انڈسٹری کو مشکلات میں تنہا نہیں چھوڑیں گے، وقت آگیا کہ سافٹ ویئر ہاؤسز ملکی ترقی میں مزید فعال کردار ادا کریں، پاکستان کو دنیا بھر میں برانڈ کریں کہ ہمارے ملک میں باصلاحیت ہنرمندوں اور موزوں ترین ٹائم زون و لیبر چارجز کے ساتھ دنیا کے بہترین سافٹ ویئر انجینئرز کی کمی نہیں، انہوں نے کہا کہ آئی ٹی کا شعبہ ملکی معیشت کے استحکام، باعزت و منافع بخش روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں بنیادی اہمیت رکھتا ہے، ضروری ہے کہ برآمدی ترسیلات میں ریکارڈ اضافے کو برقرار رکھتے ہوئے 5 ارب ڈالر کے ہدف کو پورا کرنے کی کاوشوں کو بھی تیز کیا جائے۔
اس موقع پر چیئرمین پاشا برکان سعید نے کہا کہ وزارت آئی ٹی کی کاوشوں کے بغیر مسائل کا حل ممکن ہی نہیں تھا، پوری آئی ٹی انڈسٹری وفاقی وزیر آئی ٹی سید امین الحق کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔ چیئرمین پاشا نے بتایا کہ آئی ٹی انڈسٹری وفاقی وزیر کی ہدایت پر تعلیمی اداروں کے اشتراک سے آئی ٹی انجینئرز اور مطلوبہ مہارت کی تربیت کے اقدامات کررہی ہے۔

Amin ul HaqIT Minister