دن میں 10 بار بے ہوش ہونے والی امریکی خاتون

واشنگٹن: امریکا سے تعلق رکھنے والی خاتون لنڈسی جانسن ایک غیر معمولی مرض میں مبتلا ہیں، جس کے باعث وہ دن میں 10 بار بے ہوش ہوتی ہیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ریاست میئن کے شہر بانگور سے تعلق رکھنے والی لنڈسی کو postural tachycardia syndrome (PoTS) ہے اور ان کا کہنا ہے کہ انہیں کشش ثقل سے الرجی ہے۔
رپورٹس میں 28 سالہ خاتون کی بیماری سے متعلق بتایا گیا کہ وہ بے ہوش ہوئے بغیر تین منٹ سے زیادہ کھڑی نہیں رہ سکتیں اور بعض اوقات انہیں 23 گھنٹے تک بستر پر رہنا پڑتا ہے۔
لنڈسی کو اس بیماری کی علامات 2015 میں کمر اور پیٹ میں درد کے ساتھ ظاہر ہونا شروع ہوئیں، گزرتے وقت کے ساتھ وہ دن میں کئی کئی الٹیاں کرکے بے ہوش ہونے لگیں۔
آخرکار فروری 2022 میں لنڈسی میں ایسی بیماری کی تشخیص ہوئی جس کی وجہ سے کھڑے ہونے پر ان کے دل کی دھڑکن غیر معمولی ہوجایا کرتی تھی، اس حوالے سے لنڈسی نے کہا کہ میں نے کبھی زندگی میں نہیں سوچا تھا کہ مجھے 28 سال کی عمر میں شاور چیئر استعمال کرنا پڑے گی۔
اپنی بیماری سے قبل لنڈسی جانسن بحریہ میں ڈیزل مکینک کے طور پر کام کرتی تھیں، وقت کے ساتھ حالت خراب ہونے سے انہیں 2018 میں بحریہ سے فارغ کردیا گیا۔
تاہم بیماری کی تشخیص کے بعد لنڈسی کی حالت میں تھوڑی بہتری آنے لگی ہے کیونکہ انہیں اب ادویہ دی جارہی ہیں۔

10 times faints in a dayAmerican womanLindsi johnson