کراچی: امریکا کے خصوصی نمائندہ برائے تجارتی و کاروباری امور دلاور سید نے دورۂ پاکستان کے دوران 6 تا 9 جولائی کراچی کا دورہ کیا، ان کے شیڈول میں اسلام آباد، لاہور اور سیالکوٹ میں قیام بھی شامل تھا۔ دورۂ کراچی کے موقع پر انہوں نے سرکاری حکام، صنعتی اور تجارتی رپورٹرز سے ملاقات کی، جس کا مقصد امریکا اور پاکستان میں اقتصادی شراکت داری و باہمی تجارت کو مزید وسعت دینا ہے۔
اس موقع پر دلاور سید نے کہا کہ "کراچی متحرک شہر ہونے کے ساتھ پاکستان کے لیے تجارتی اور کارورباری مرکز کی حیثیت رکھتا ہے، یہاں آنے پر بے انتہا خوشی ہوئی۔ ہمارا یہ دورہ امریکی حکومت کی جانب سے پاکستان کے ساتھ باہمی تجارتی تعلقات استوار کرنے اور کاروبار کے فروغ کے لیے نئے راستے تلاش کرنے کا اعادہ ہے۔ امریکا- پاکستان تعلقات کو 75 سال مکمل ہوگئے ہیں اور دہائیوں پر محیط باہمی تعلقات پر توجہ مرکوز کرنے پر ہم پُرجوش اور پُرعزم ہیں۔”
دورۂ کراچی پر دلاور سید نے پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی شیری رحمان، وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و مواصلات سید امین الحق، سمندری امور کے وزیر فیصل سبزواری، سندھ کابینہ کے ارکان، میونسپل و صوبائی حکام سے ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں میں امریکی اور پاکستانی عوام کو مساوی اور وسیع پیمانے پر سہولتیں مہیا کرنے کے ساتھ مستقل و پائیدار معاشی ترقی کے لیے دونوں ممالک کے مشترکہ کردار پر تبادلہ خیال ہوا۔
نمائند خصوصی دلاور سید نے قائم مقام گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان مرتضیٰ سید سے ملاقات میں پاکستانی خواتین اور پس ماندہ طبقوں کے لیے مالیاتی مواقع پر بات چیت کی جب کہ معاشی ترقی کی حوصلہ افزائی کے لیے پاکستان میں امریکی کمپنیز اور سرمایہ کاروں کی خاطر تجارتی ماحول کو بہتر بنانے پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔
نمائندہ خصوصی دلاور سید نے مختلف صنعتی سربراہان سے بھی ملاقات کی اور پس ماندہ علاقوں میں پاکستانی تجارت کو وسعت دینے پر بات چیت کی، تاکہ دونوں ممالک کو فوائد حاصل ہوسکیں۔
ملاقات میں اس پہلو پر بھی تبادلہ خیال ہوا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے ماحول اور خواتین کی معاشی خودمختاری، استحکام اور معاشی و سماجی کردار کی حوصلہ افزائی کے لیے حکومت اور نجی شعبہ کس طرح مل کر کام کرسکتے ہیں۔
امریکا کو اس وقت پاکستان کے لیے سب سے بڑی برآمدی مارکیٹ اور بیرونی سرمایہ کاری کے بہت بڑے ذریعے کی حیثیت حاصل ہے۔ امریکی کمپنیز اور ان کے مقامی شراکت دار پاکستان میں سب سے زیادہ ملازمتوں کے مواقع مہیا کرنے والوں میں شامل ہیں جب کہ قریباً 80 امریکی کمپنیوں کی جانب سے ایک لاکھ 20 ہزار پاکستانیوں کو براہ راست ملازمتیں دی گئی ہیں۔ نمائندہ خصوصی دلاور سید نے امریکا سے مضبوط تجارتی تعلقات رکھنے والی کمپنی گیٹرون نوواٹیکس کا بھی دورہ کیا، جہاں انہیں حال ہی میں متعارف ہونے والی الیکٹرک گاڑی ایکودوست اور ری سائیکلنگ کے حوالے سے اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔
نمائندہ خصوصی دلاور سید کے دورہ کراچی کا نمایاں پہلو این ای ڈی یونیورسٹی میں نیشنل انکیوبیشن سینٹر کراچی (این آئی سی کے) کا دورہ ہے، جہاں انہوں نے امریکا-پاکستان جدت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے موضوع پر ہونے والے مباحثے میں شرکت کی۔ اس موقع پر نمائندہ خصوصی نے اس پہلو پر اپنے خیالات کا اظہار کیا کہ امریکا اور پاکستان باہمی تعاون بڑھانے اور کاروباری ماحول کو مزید بہتر بنانے کی خاطر کس طرح تعاون کرسکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ "امریکا اس بات پر یقین رکھتا ہے کہ مضبوط، خوش حال اور جمہوری پاکستان خطے کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے جب کہ کاروبار، ہر شعبے میں جنسی برابری، تعلیم اور فنی صلاحیت بڑھانے کے مواقع اس مقصد کے حصول کے اہم نکات ہیں۔
امریکی نمائندہ خصوصی کے دورے کے بارے میں مزید معلومات کے لیے ہماری ٹوئٹر وال کا وزٹ کریں۔