افغان طالبان کو مذاکرات کے لیے پاکستان نے آمادہ کیا، امریکا

واشنگٹن: امریکی دفتر خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے اعتراف کیا ہے کہ پاکستان نے افغان طالبان کو مذاکرات کے لیے آمادہ کیا، پاکستان کی افغان امن عمل میں اہم پوزیشن ہے۔
امریکا نے افغانستان امن عمل کے لیے پاکستان کی کوششوں کی ایک بار پھر تعریف کی ہے، ترجمان امریکی دفتر خارجہ نیڈ پرائس کا پریس بریفنگ کے دوران کہنا تھا کہ افغان امن عمل کے لیے پاکستان اور امریکا کے قریبی رابطے ہیں، حالیہ تنازع میں جس نتیجے کی تلاش ہے، پاکستان اس میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے، دونوں ممالک مل کر کام جاری رکھیں گے۔
ترجمان نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں استحکام کے لیے بھی پاکستان کی کوششیں قابل قدر ہیں، افغان امن عمل میں پاکستانی کوششوں کو سراہتے ہیں۔
خیال رہے کہ امریکی فوج کے اچانک انخلا کے سبب افغانستان میں شدید مسلح جھڑپیں جاری ہیں، افغان صدر اشرف غنی نے کہا کہ جلد بازی میں امریکی انخلا کے نتیجے میں سیکیورٹی کی بدترین صورت حال ہے۔ افغان آرمی نے بتایا کہ جنوبی اور مغربی حصے کے تین صوبوں میں سیکیورٹی کی صورت حال ’انتہائی نازک‘ ہے جہاں طالبان اور افغان فورسز کے مابین جھڑپیں تیز ہوچکی ہیں۔

Afghanistanamerican foreign officeNed pricespokeperson