لاہور: پاکستان بھر میں مسلسل تنزلی کے بعد امریکی کرنسی اب دوبارہ مہنگی ہوگئی۔ قدر میں 44 پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
ملکی کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ سرپلس میں تبدیل ہونے اور ایکسٹرنل اکاؤنٹ بحران ختم ہونے کی اطلاعات نے ملک بھر میں سرمایہ کاری کے تمام شعبوں کا اعتماد بڑھایا جب کہ عالمی ریٹنگ ایجنسیوں کی مستقبل میں معیشت کی بہتری کی پیش گوئیاں بھی روپیہ کی قدر کو بحال کررہی ہیں۔ اسٹیٹ بینک کی روشن پاکستان اسکیم سے ترسیلات زر کی آمد مزید بڑھنے کی توقعات جیسے عوامل نے بھی روپے کو تگڑا کیا ہوا ہے۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں ہفتے کے چوتھے کاروباری روز کے دوران انٹر بینک میں امریکی ڈالر 44 پیسے مہنگا ہو گیا۔ جس کے بعد امریکی کرنسی کی قیمت 165 روپے 60 پیسے سے بڑھ کر 166 روپے 04 پیسے ہوگئی ہے۔