کراچی: ملک بھر میں رواں ہفتے کے دوسرے روز کے دوران ایک مرتبہ پھر امریکی ڈالر کی قدر میں چار پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
پاکستانی روپے کو مسلسل گراوٹ کا سامنا ہے۔ چند روز قبل چین کی جانب سے پاکستان کو مالی تعاون کے سبب روپے کی قدر بڑھی تھی تاہم اب ایک مرتبہ پھر ڈالر کی قیمت میں اضافہ دکھائی دے رہا ہے۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان اعداد و شمار کے مطابق انٹر بینک میں امریکی ڈالر کی قیمت میں چار پیسے کی تیزی ریکارڈ کی گئی جس کے بعد روپے کے مقابلے میں امریکی کرنسی کی نئی قیمت 166 روپے 63 پیسے کی سطح سے بڑھ کر 166 روپے 67 پیسے ہوگئی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز امریکی ڈالر کی قیمت میں 28 پیسے کا اضافہ دیکھا گیا تھا، انٹر بینک میں ڈالر کی قیمت 166 روپے 35 پیسے سے بڑھ کر 166 روپے 63 پیسے ہوگئی تھی۔ تاہم اوپن مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قدر 167 روپے پر مستحکم رہی تھی۔