امریکا کے ساتھ مذاکرات کے دروازے بند نہیں کیے، ایران

تہران: ایران کا کہنا ہے کہ امریکا کی جانب سے غیر قانونی اور غیر انسانی پابندیوں کے عائد کیے جانے کے باوجود ہم نے مذاکرات کے دروازے بند نہیں کیے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادے نے پریس کانفرنس میں کہا کہ امریکا کے ساتھ مستقبل میں تعلقات کے حوالے سے کچھ کہنا قبل ازوقت ہوگا، تاہم ایران نے امریکی ناانصافیوں کے باوجود مذاکرات کے دروازے بند نہیں کیے ہیں۔
ایران کے وزارت خارجہ کے ترجمان نے مزید کہا کہ ایران کے خلاف امریکا کے جرائم کی فہرست طویل ہے، لیکن اب ماضی بھلا کر ایک روشن مستقبل کی جانب دیکھنا چاہیے۔ اسی تناظر میں صدر حسن روحانی نومنتخب امریکی صدر جوبائیڈن سے مذاکرات کے آغاز کا عندیہ بھی دے چکے ہیں۔
امریکی صدارتی انتخاب میں کامیاب ہونے والے امیدوار جوبائیڈن بھی ایران کے ساتھ مذاکرات کا امکان ظاہر کرچکے ہیں اور وہ عالمی جوہری معاہدے سے امریکا کی یک طرفہ علیحدگی کے صدر ٹرمپ کے فیصلے کے بھی ناقد رہے ہیں۔
خیال رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دور صدارت میں ایران کے ساتھ تعلقات کشیدہ رہے ہیں جس میں اضافہ عالمی جوہری معاہدے سے علیحدگی کے بعد ہوا تھا۔

AmericaIran