واشنگٹن: امریکا کے ایک نیوز چینل نے صدارتی انتخابات میں دھاندلی کا انکشاف کیا ہے، اُس نے ووٹ ڈالنے والے مردہ امریکی شہریوں کے ناموں کی فہرست بھی نشر کی ہے۔
امریکی ٹی وی چینل پر نشر فہرست میں درجنوں ایسے ووٹرز کے نام ہیں جو 2003 کے بعد وفات پا چکے، چینل نے ان افراد کی تاریخ پیدائش بھی دکھائی ہے تاہم یہ واضح نہیں کہ ان مردہ ووٹرز نے ووٹ کس امیدوار کو ڈالا۔
چینل کے اینکر پرسن نے دعویٰ کیا کہ مبینہ انتخابی دھاندلی کے لیے ڈاک کے ذریعے ووٹ ڈالنے کی سہولت فراہم کی گئی۔
اینکر پرسن کا کہنا تھا کہ جب آپ ووٹ ڈالنا آسان بنادیں گے تو مُردے بھی ووٹ ڈالیں گے اور امریکی ٹی وی نے خیال ظاہر کیا کہ یہ ووٹ جوبائیڈن کو جتوائیں گے۔
واضح رہے کہ 3 نومبر کو ہونے والے امریکی صدارتی انتخابات کے غیر سرکاری نتائج کے مطابق ڈیموکریٹ امیدوار جوبائیڈن کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر واضح اکثریت حاصل ہے، تاہم اب تک سرکاری سطح پر انتخابی نتائج کا اعلان نہیں ہوسکا ہے۔
ری پبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی انتخابات میں بڑے پیمانے پر دھاندلی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ میرے لاکھوں ووٹ مخالف کے کھاتے میں ڈالے گئے۔
دوسری جانب امریکی الیکشن کمیشن نے ڈونلڈ ٹرمپ کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات مکمل طور پر شفاف ہوئے، کسی کو بھی اس پر شک نہیں ہونا چاہیے۔