امریکا: ڈاکٹر عافیہ کی 20 سال بعد بہن سے ملاقات

ٹیکساس: امریکا میں قید پاکستانی خاتون ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی 20 سال بعد بہن ڈاکٹر فوزیہ صدیقی سے ملاقات ہوئی ہے۔
امریکی ذرائع ابلاغ کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر فورٹ ورتھ میں واقع کارسویل فیڈرل میڈیکل سینٹر میں قید ڈاکٹر عافیہ صدیقی سے ان کی بہن ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے ملاقات کی۔
دو بہنوں کے درمیان 20 سال بعد ملاقات شیشے کے آر پار بیٹھ کر ہوئی۔ ڈھائی گھنٹے کی ملاقات کے دوران عافیہ صدیقی نے بہن کو خود کے ساتھ ہونے والے سلوک سے آگاہ کیا جب کہ ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے عافیہ کو ان کے بچوں کے بارے میں بتایا۔ عافیہ صدیقی جیل کے خاکی لباس میں تھیں اور انہوں نے سر پر اسکارف لیا ہوا تھا۔
امریکی حکام نے ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کو عافیہ صدیقی کے بچوں کی تصاویر دکھانے کی اجازت نہیں دی۔ عافیہ صدیقی کی گرفتاری کے وقت ان کے بیٹے کی عمر 6 ماہ تھی۔ عافیہ صدیقی کی بیٹی اب ڈاکٹر بن چکی ہے اور بیٹا جوان ہوچکا ہے۔
فوزیہ صدیقی، سینیٹر مشتاق اور ان کی رہائی کی کوشش کرنے والے وکیل کی عافیہ سے ملاقاتیں آج اور جمعہ کو بھی متوقع ہیں، جن میں ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کے لیے مزید ممکنہ اقدامات کا جائزہ لیا جائے گا۔
ڈاکٹر عافیہ صدیقی اس وقت امریکا کی ریاست ٹیکساس کی ایک ایسی وفاقی میڈیکل جیل میں زیر علاج ہیں، جہاں خواتین قیدیوں کو، خصوصی طبی اور ذہنی صحت کی سہولتیں فراہم کی جاتی ہیں۔
ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو 2010 میں مین ہیٹن میں 86 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔ ان پرالزام تھا کہ انہوں نے 2 سال قبل افغانستان میں دورانِ حراست امریکی فوجی افسران کو گولی مارنے کی کوشش کی تھی۔

 

American JailDr aafia siddiquiDr Fauzia SiddiquiMeet Her Sister