واشنگٹن : امریکا کے ٹرانسپورٹ ڈپارٹمنٹ نے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن کاخصوصی اجازت نامہ منسوخ کردیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق یورپ کے بعد امریکا نے بھی پی آئی اے کی پروازوں پر پابندی عائد کردی اور اس حوالے سے امریکی ٹرانسپورٹ ڈپارٹمنٹ نے اعلامیہ بھی جاری کیا ، جس میں کہا گیا ہے کہ پی آئی اے کا خصوصی اجازت نامہ منسوخ کردیا گیا ہے اور یہ پابندی پی آئی اے پروازوں کی سیفٹی پرتشویش کے باعث لگائی گئی ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ پابندی کی بنیادی وجہ پاکستانی پائلٹس کےلائسنس مشکوک قرار دینا ہے، پی آئی اے کی ہرقسم کی پروازوں پر پابندی لگا دی ہے، اب قومی ایئرلائن امریکا کے لیے اپنی پروازیں نہیں چلاسکے گی۔
دوسری جانب پی آئی اے کے ترجمان نے پابندی عائد کر نے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ امریکا کے ٹرانسپورٹ ڈپارٹمنٹ نے ای میل کی ہے، امریکا کے جو خدشات ہیں ان کو دور کریں گے، امید ہے پی آئی اے میں جاری اصلاحاتی عمل کے ذریعے پائلٹ والا مسئلہ بھی حل ہو جائے گا۔