نیویارک: سابق شوہر اور ہالی وُڈ سپراسٹار جانی ڈیپ کے ساتھ ہتک عزت کیس میں اداکارہ امبر ہرڈ نے صلح کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
بیرون ملک کے ذرائع ابلاغ کی رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ امبر ہرڈ اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر پوسٹ کرتے ہوئے اعلان کیا کہ انہوں نے جانی ڈیپ کے ساتھ لاکھوں ڈالر ہرجانے کے کیس میں تصفیے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
امبر ہرڈ نے پوسٹ میں لکھا کہ میں اپنی اپیل واپس لے رہی ہوں اور کیس کا تصفیہ چاہتی ہوں، کیونکہ میں ایک اور ٹرائل کا سامنا نہیں کرنا چاہتی۔
ان کا کہنا تھا کہ کافی مشاورت کرنے کے بعد میں نے تصفیہ کرنے کا مشکل فیصلہ کیا ہے۔ میں نے یہ فیصلہ امریکی عدالتی نظام پر بداعتمادی کے بعد کیا ہے۔
انہوں نے لکھا کہ میں یہ بتانا ضروری سمجھتی ہوں کہ میں ایسا کبھی نہیں کرنا چاہتی تھی میں نے اپنا دفاع کیا، لیکن ایسا کرنے میں جہاں تک مجھے معلوم ہے میری زندگی متاثر ہوئی ہے۔
خیال رہے کہ امبر ہرڈ کے 2018 میں واشنگٹن پوسٹ میں ایک آرٹیکل لکھنے پر جانی ڈیپ نے ان پر پانچ کروڑ ڈالر ہرجانے کا دعویٰ کیا تھا، جس پر امبر ہرڈ نے بھی خود کو گھریلو تشدد کا شکار قرار دیتے ہوئے ردِعمل میں جانی ڈیپ پر 10 کروڑ ڈالر ہرجانے کا دعویٰ کیا تھا۔
تاہم امبر ہرڈ جانی ڈیپ پر لگائے گئے الزامات ثابت نہیں کرسکی تھیں، جس پر ورجینیا کی عدالت نے امبر ہرڈ کو جانی ڈیپ کو ایک کروڑ 35 لاکھ ڈالر ادا کرنے کا حکم دیا تھا جب کہ جونی ڈیپ کو 20 لاکھ ڈالر ادا کرنے کا کہا گیا تھا۔
بعدِ ازاں امبر ہرڈ کے وکلا کا کہنا تھا کہ اداکارہ 10 کروڑ ڈالر ہرجانہ ادا نہیں کر سکتیں جس کے بعد اب انہوں نے اپنا کیس واپس لیتے ہوئے صلح کا فیصلہ کیا ہے۔
خیال رہے کہ اب اداکارہ جانی ڈیپ کو ان کی طویل عرصے سے جاری قانونی جنگ ختم کرنے کے لیے صرف 1 ملین ڈالر ادا کریں گی۔