حیرت انگیز گلاب، جو تین سال تک نہیں مُرجھاتے!

دبئی: اپنے کاروبار کا آغاز کرنے والی دبئی کی ایک کمپنی نے غیر معمولی، خوبصورت اور چند برس تک تازہ رہنے والے گلاب تیار کیے ہیں، جن سے بنے بعض گل دستوں اور شاہکار کی قیمت 80 ہزار ڈالر تک ہے۔


سب سے پہلے ان پھولوں کی کاشت لندن میں واقع فور ایور روز نامی کمپنی نے کی تھی اور اب کمپنی نے ایک شاخ دبئی میں کھولی ہے۔ دبئی برانچ کے مالک ابراہیم الصمدی نے بتایا کہ یہ گلاب ایکواڈور کے آتش فشاں کے قریب کاشت کیا جاتا ہے۔ آتش فشانی راکھ میں پروان چڑھنے والے پھول فطری طور پر تادیر اپنی تازگی برقرار رکھتے ہیں۔


اسی سبب فورایور روز کا دعویٰ ہے کہ ان کے پھول تین سال تک خوش نما اور تازہ رہتے ہیں۔
لیکن اس کے بعد پھولوں پر خاص گلیسرین لگائی جاتی ہے اور انہیں ایک قسم کے عمل سے گزار کر شیشے کے مرتبان سے ڈھانپا جاتا ہے۔ اگرچہ گلیسرین سے گزارے گئے پھول کئی دوسرے ادارے بھی فروخت کررہے ہیں لیکن فور ایور ینگ کا دیرپا گلاب پوری دنیا میں سے سب سے مہنگا ہے۔
مال دار افراد اور ادارے ہی یہاں سے پھول خریدتے اور ڈسپلے کے گل دستے اور شاہکار ڈیزائن کرواتے ہیں۔ یہاں تک کہ پھولوں سے تیارکردہ ایک سینگ والا گھوڑا بنایا گیا تھا جس کی قیمت 80 ہزار ڈالر یعنی ایک کروڑ روپے سے بھی زائد ہے۔
فورایور روز کی ویب سائٹ سے آپ ایک پھول 100 سے 200 ڈالر میں خرید سکتے ہیں۔ لیکن ایک یا دو پھولوں والے گلدستوں کو 300 سے 500 ڈالر میں بھی فروخت کیا جارہا ہے۔ اس کےعلاوہ بڑے گل دستے ہزاروں ڈالر میں فروخت کیے جارہے ہیں۔

Amazing RosedubaiForever rose